نئی دہلی،31؍جولائی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)بی جے پی لیڈر اور سینئر وکیل سبرامنیم سوامی نے سنندا پشکر کیس میں دہلی ہائی کورٹ کے سامنے ایک اور درخواست دائر کی ہے۔دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ دہلی پولیس نے اب تک اس معاملے میں بہت سی حقیقتیں کورٹ سے چھپائی ہیں۔سوامی نے کہا ہے کہ اس معاملے میں دہلی پولیس کوجلدازجلدچارج شیٹ داخل کرے۔درخواست میں کہا گیا کہ پولیس نے اب تک کورٹ کو یہ نہیں بتایا ہے کہ ویجلنس انکوائری کیوں اورکس کے کہنے پر کی گئی تھی اور انکوایری میں کیاملا۔دہلی ہائی کورٹ میں سوامی کی جانب سے دائر درخواست میں تحقیقات پر کئی سوال اٹھائے گئے ہیں۔اس میں پوچھا گیا ہے کہ سنندا پشکر کے فون ڈیٹا کو کس نے ڈیلیٹ کیا اور سنندا کا فون اس کے خاندان کے کس شخص کو دیا گیا اس کی بھی معلومات دہلی پولیس نے کورٹ کو نہیں دی ہے۔سنندا قتل کیس میں سبرامنیم سوامی کی عرضی پر ایک اگست کو سماعت ہونی ہے ایسے میں امید ہے کہ سوامی کی لگائی گئی عرضی پر بھی ہائی کورٹ منگل کو سماعت کر سکتا ہے۔اس معاملے میں سبرامنیم سوامی گزشتہ ماہ بھی دہلی ہائی کورٹ میں عرضی لگا چکے ہیں۔اس میں انہوں نے مطالبہ کیا تھا کہ سنندا پشکر کی موت کی تحقیقات سی بی آئی کی ایس آئی ٹی کو دے دی جائے۔سوامی کا الزام ہے کہ اس معاملے میں ساڑھے 3سال گزرنے کے بعد بھی دہلی پولیس کسی نتیجے پر نہیں پہنچ پائی ہے۔پولیس اس معاملے میں اب تک اپنی چارج شیٹ بھی کورٹ میں داخل نہیں کر پائی ہے لہذا اس معاملے کی جانچ سی بی آئی کو ٹرانسفر کی جانی چاہئے۔